کیمروں کے ذریعے حجاب کی خلاف ورزی کا پتا لگا کر خاتون کو سزا

ایران میں سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے پتا لگا کر حجاب قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی خاتون کو سزا سنا دی گئی۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق عدالت نے خاتون کو 2 سال کی سفری پابندی اور 2 ماہ عمر قید کی سزا سنائی ہے۔

رپورٹس کے مطابق حجاب کے لازمی قوانین پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے جج نے خاتون کے دماغی صحت کے معائنے کا بھی حکم دیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق حجاب قوانین کی خلاف ورزی کرنے والی خاتون کے خلاف سی سی ٹی وی کیمروں کو بطور ثبوت استعمال کر کے سزا سنانے کا یہ پہلا واقعہ ہے۔

رپورٹس کے مطابق رواں سال اپریل میں ایران میں حجاب نہ پہننے والی خواتین کی شناخت اور سزا کے لیے عوامی مقامات پر کیمرے نصب کرنے کا عمل شروع کیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ 16 ستمبر 2022 کو مہسا امینی نامی لڑکی کی حجاب نہ پہننے پر پولیس حراست میں موت کے خلاف پورے ایران میں مظاہرے شروع ہوگئے تھے۔

ان مظاہروں کے آغاز سے اب تک ہزاروں افراد کو گرفتار کیا جاچکا ہے جبکہ متعدد مظاہرین کو پھانسی بھی دی جا چکی ہے۔