ہمایوں سعید کو اداکار نہیں سمجھتے:آغا شیراز

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار آغا شیراز نے حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ وہ ہمایوں سعید کو اداکار نہیں سمجھتے۔

حال ہی میں اداکار نے نجی چینل کے پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے میزبان کے تلخ سوالوں کے جواب دلچسپ انداز میں دیئے۔

دوران شو میزبان نے سوال کیا کہ ان کے خیال میں ایسا کون سا اداکار ہے جسے وہ اداکار نہیں سمجھتے یا جسے اداکاری نہیں آتی؟

میزبان کے اس تلخ سوال پر آغا شیراز نے دلچسپ انداز میں تفریح کرتے ہوئے کہا کہ سارے اداکار ایسے ہی ہیں، کسی کو اداکاری نہیں آتی، بالخصوص تمام نوجوان اداکاروں کو اداکاری نہیں آتی۔

تاہم میزبان کے زور دینے پر انہوں نے ایک شخص کا نام لیتے ہوئے کہا کہ ہمایوں سعید کو اداکاری نہیں آتی، وہ خود بھی یہ تسلیم کرتے ہیں۔

انہوں نے ہمایوں سعید کی کامیابی کا راز بتاتے ہوئے کہا کہ ہمایوں بھائی کے ساتھ ایک دعا ہے جس کی وجہ سے وہ مٹی میں بھی ہاتھ ڈالتے ہیں تو وہ سونا بن جاتی ہے اور وہ شخص جس کی دعائیں ان کے ساتھ ہیں ان سے میں بھی دعا لیتا ہوں اور وہ ان کا چھوٹا بھائی ہے۔