یورپ میں شدید گرمی، اٹلی کے 15 شہروں میں ریڈ الرٹ جاری

یورپ میں شدید گرمی کی لہر کے بعد اٹلی کے 15 شہروں میں ریڈ الرٹ جاری کردیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق شدید گرمی کی لہر نے جنوبی یورپ کو ان دنوں اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے جس کے باعث اٹلی کے 15 شہروں میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا ہے جن میں روم، فلورینس اور بولوگنا بھی شامل ہیں جہاں آئندہ دنوں میں سب سے زیادہ گرمی پڑنے کا امکان ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپ میں آئندہ ہفتے ایک اورہیٹ ویو کا امکان ہے جس میں درجہ حرارت ریکارڈ سطح تک جا سکتا ہے۔

یورپین اسپیس ایجنسی سیٹلائٹ کے ذریعے زمین اور سمندر سے درجہ حرارت کو مانیٹر کرتی ہے اور ایجنسی کا کہنا ہےکہ اٹلی، اسپین، فرانس، جرمنی اور پولینڈ گرمی سے شدید متاثر ہوسکتے ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یورپ میں اس سے قبل سب سے زیادہ درجہ حرارت 48.8 ڈگری سینٹی گریڈ اگست 2021 میں ریکارڈ کیا گیا تھا تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ آئندہ ہفتے پڑنے والی گرمی میں درجہ حرارت اس کے آس پاس تک رہ سکتا ہے۔

اٹلی کی حکومت نے ریڈ الرٹ والے شہروں کے لیے ہدایات جاری کی ہیں جس میں کہا گیا ہےکہ ان علاقوں کے شہری صبح 11 بجے سے شام 6 بجے تک براہ راست سورج کی روشنی میں جانے سے گریز کریں جب کہ عمر رسیدہ اور بیمار افراد کے لیے خاص طور پر احتیاط برتی جائے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ اسی عرصے کے دوران حالیہ دنوں میں یونان میں بھی گرمی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے جہاں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔