نگران وزیراعلیٰ کے نام پر مشاورت کی جائے، اپوزیشن لیڈر کا وزیر اعلیٰ سندھ کو خط

سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے وزیر اعلیٰ سندھ کو خط لکھ کر نگران وزیر اعلیٰ کے نام پر مشاورت کرنے کیلئے کہہ دیا ہے۔

اپنے خط میں حلیم عادل شیخ نے کہا کہ نگران وزیراعلیٰ کے انتخاب پر اپوزیشن لیڈر سے مشاورت قانون کا حصہ ہے، سندھ میں نگران وزیر اعلیٰ کے نام پر مشاورت کی جائے۔

حلیم عادل شیخ نے اپنے خط میں کہا کہ اسمبلی کی مدت ختم ہونے میں 30 دن سے بھی کم رہ گئے ہیں، جب چاہیں انہیں مشاورت کیلئے بلالیں۔

خیال رہے کہ سندھ اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف 30 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی اپوزیشن پارٹی ہے اور حلیم عادل شیخ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں تاہم 9 مئی کے واقعات کے بعد سے پاکستان تحریک انصاف کا کوئی بھی رہنما اسمبلی اجلاس میں شریک نہیں ہو رہا۔

دوسری جانب آئندہ عام انتخابات سے قبل صوبے میں نگران حکومت کے قیام کیلئے اپوزیشن لیڈر کی مشاورت ضروری ہوتی ہے اس لیے ایم کیو ایم پاکستان نے اسمبلی کی تیسری بڑی جماعت ہونے کی حیثیت سے اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ایم کیو ایم کے اراکین کی تعداد 21 ہے اور انہیں اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کیلئے 30 سے زائد اراکین کی حمایت درکار ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر کرنے کے لیے ایم کیو ایم پاکستان کو جی ڈی اے کی حمایت درکار ہو گی اور جی ڈی اے کے سندھ اسمبلی میں اراکین کی تعداد 14 ہے۔