رنبیر کپور کو مداح کی جانب سے ہراساں کیے جانے کی ویڈیو سامنے آگئی

بالی ووڈ انڈسٹری میں چاکلیٹی ہیرو کی سی حیثیت رکھنے والے اداکار رنبیر کپور کو مداح کی جانب سے ہراساں کیے جانے کی ویڈیو سامنے آئی ہے۔

سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوتی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ممبئی میں رنبیر کپور اپنی گاڑی میں سفر کر رہے ہیں۔

اس دوران ایک بائیک پر سوار لڑکا اداکار کی مرضی کے بغیر اُن کی تصویر بنانا شروع کر دیتا ہے۔

ٹریفک جام ہونے کے سبب رنبیر کپور کی گاڑی تصویروں کے کھینچے جانے سے چلنے کے لیے آگے بڑھتی ہے مگر ٹریفک کے سبب رُک جاتی ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اداکار کا ڈرائیور گاڑی کا شیشہ نیچے کر کے مداح کو تصویر کھینچنے سے منع بھی کرتا ہے مگر پھر بھی مداح لڑکا ڈھٹائی سے تصویریں بناتا رہتا ہے۔

سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے سبب انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

کچھ انٹرنیٹ صارفین کا کہنا ہے کہ مداح کا اپنے ہیرو کی تصویر لینا ہراسانی کے زمرے میں نہیں آتا۔

دوسری جانب کچھ کا کہنا ہے کہ بغیر کسی فرد کی اجازت کے تصویر کھینچنا ایک مجرمانہ فعل ہے، کسی انسان کو بھی کسی دوسرے کی ذاتی زندگی میں گھسنے یا بغیر اجازت تصویر لینے کا حق حاصل نہیں ہے۔