شاہد آفریدی کی شاہین شاہ آفریدی کو 100 وکٹیں مکمل کرنے پر مبارک باد

پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے اپنے داماد شاہین شاہ آفریدی کو ٹیسٹ کرکٹ میں 100 وکٹیں مکمل کرنے پر مبارک باد دی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شاہد آفریدی نے شاہین شاہ آفریدی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ 100 وکٹیں تو مکمل ہو گئی ہیں مگر مزید وکٹیں لینی ہیں۔

شاہد آفریدی نے شاہین کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے لکھا کہ اسی طرح محنت کو جاری رکھنا ہے۔

اپنی پوسٹ میں شاہد آفریدی نے داماد شاہین شاہ آفریدی کو مزید ریکارڈ بنانے کی دعا دی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز شاہین شاہ آفریدی نے سری لنکا کے خلاف کھیلے جانے والے گال ٹیسٹ میچ کے پہلے ہی سیشن میں ایک وکٹ حاصل کر کے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی 100 وکٹیں مکمل کی تھیں۔

سری لنکا کے نشان مدوشکا شاہین آفریدی کے 100 ویں شکار بنے جن کو فاسٹ بولر نے سرفراز احمد کے ہاتھوں کیچ آؤٹ کروایا تھا۔

شاہین آفریدی 100 ٹیسٹ وکٹیں مکمل کرنے والے 19 ویں پاکستانی کھلاڑی بن گئے ہیں۔

فاسٹ بولر نے 26 ٹیسٹ میچز میں 100 ٹیسٹ وکٹوں کا سنگِ میل عبور کیا ہے۔

پاکستان کے مشتاق احمد اور عمران خان نے بھی 26 ٹیسٹ میچز میں 100 وکٹیں مکمل کی تھیں۔