گلوکار کےکانسرٹ کے دوران اسٹیج سے گرنے کی ویڈیو وائرل،گلوکار کا ردعمل

گزشتہ چند دنوں سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا کی زینت بنی ہوئی ہے جس میں ایک گلوکار کانسرٹ کے دوران اسٹیج سے بُری طرح گرتا ہے۔

ویڈیو سے متعلق کئی سوشل میڈیا صارفین سمیت بھارتی میڈیا نے بھی یہ دعویٰ کیا کہ مذکورہ ویڈیو میں گرنے والے گلوکار بادشاہ ہیں، اس دعوے کی وجہ یہ تھی کہ گرنے والے گلوکار کا اسٹائل بالکل ریپر بادشاہ کی طرح ہی تھا۔

ایک صارف کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو کے کیپشن پر لکھا تھا کہ ‘دھیان سے بادشاہ بھائی’، ویڈیو وائرل ہوئی تو صارفین نے بادشاہ کی خیریت دریافت کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ٹرول بھی کیا کہ رات کے وقت کانسرٹ میں سن گلاسز پہننے کا انجام تو برا ہونا ہی تھا۔

کچھ لوگوں نے یہ بھی کہا کہ ‘بادشاہ کے ساتھ ہوا حادثہ’، جب کہ اب گلوکار نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر وضاحتی ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

بادشاہ نے بتایا کہ اس ویڈیو میں گرنے والے گلوکار وہ نہیں بلکہ کوئی اور تھا۔

انہوں نے کہا ‘میں بالکل ٹھیک ہوں اور میں کسی اسٹیج سے نہیں گرا، میں محفوظ ہوں، میرے ہاتھ پاؤں سب صحیح ہیں، مجھے امید ہے جو شخص اس اسٹیج سے گرا تھا وہ مکمل ٹھیک ہوگا’۔