3 کمسن بہنوں کے قتل کیس میں پورا خاندان تفتیش میں شامل

مظفرگڑھ کے علاقے تھرمل کالونی میں 3 کمسن بہنوں کے قتل کیس میں ملزم اور پورے خاندان کو شاملِ تفتیش کرلیا گیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر حسنین حیدر نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرائم سین سے ملنے والے شواہد نے ملزم کو مشکوک بنایا، ملزم نے ملحقہ کوارٹر کے کمرے میں بہنوں کو قتل کیا۔

حسنین حیدر نے اس حوالے سے بتایا کہ تحقیقات میں قتل کی وجہ گھریلو و معاشی مسائل اور والدین اور بچوں میں دوری سامنے آئی۔

ڈی پی او نے کہا کہ اہلخانہ نے کافی دیر تک بات کو چھپایا اور پولیس کو نہیں بتایا تاہم پولیس نے 12گھنٹوں میں کیس کوحل کیا۔

انہوں نے کہا کہ بات چیت کے دوران ملزم جھوٹ بولتارہا تاہم ملزم کے ہاتھ پر چوٹ اور خون کے نشانات سے تفتیش میں مدد ملی، ملزم سے پب جی گیم سے متعلق اور ذہنی کیفیت کی بھی تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مظفرگڑھ سے 3 کمسن بہنوں کی لاشیں ملی تھیں جن کی عمریں 7 سال سے 11 سال کے درمیان تھیں۔