فیروز خان کو صحافی پر طنز کرنا مہنگا پڑ گیا

فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار فیروز خان کی ایک نئی ویڈیو وائرل ہے جس پر اُنہیں تنقید کا سامنا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کی فیملی کورٹ شرقی کی جانب سے اداکار فیروز خان کو بچوں کی حوالگی کے کیس کی سماعت کے دوران بیٹے کی کسٹڈی 19 سے 24 جولائی تک مل گئی ہے۔

دوسری جانب عدالت کا ہدایت جاری کرتے ہوئے کہنا تھا کہ فیروز خان کو بیٹی دو دن کے لیے دوپہر 12 سے شام 6 تک دی جائے، عدالت کا کہنا تھا کہ فیروز خان کی بیٹی ابھی چھوٹی ہے، اس لیے فیروز خان کو دن رات کے لیے بیٹی کی کسٹڈی دی جاسکتی ہے۔

عدالت سے باہر نکلتے ہوئے فیروز خان وکیل سے محوِ گفتگو تھے۔

اس دوران صحافیوں نے اُن کی ویڈیو بنانے کی کوشش کی جس پر اداکار کا طنز کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مجھے ریکارڈ کرو، تم لوگ بہت جھوٹی خبریں دیتے ہو۔

بعد ازاں فیروز خان نے متعدد باتیں کیں جس میں سچائی پر مبنی رپورٹنگ، قبر میں جواب دینا، اللّٰہ کے ساتھ اپنے مضبوط رشتے اور پاکستان کی ترقی میں رکاوٹ کی وجہ جیسے موضوع شامل تھے۔

اداکار کی اس ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین نے اُنہیں خوب آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

انٹرنیٹ صارفین کا کمنٹ باکس میں کہنا ہے کہ فیروز خان یہاں بھی اداکاری ہی کر رہے ہیں۔