پاکستان نے نیوکلیئر سیکیورٹی انڈیکس میں بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا

پاکستان نے نیوکلیئر سیکیورٹی انڈیکس میں بھارت کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

گلوبل نیوکلیئر سیکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے والی ایک بین الاقوامی تنظیم کی حالیہ رپورٹ کے مطابق، مزید تین پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے پاکستان فہرست میں خطرناک مواد سے نمٹنے کے معاملے میں بھارت، ایران اور شمالی کوریا سے آگے ہے۔

بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق، پاکستان اب نیوکلیئر سیکیورٹی انڈیکس میں 19ویں نمبر پر ہے۔

نیوکلیئر سیکیورٹی انڈیکس (NSI) واشنگٹن میں قائم نیوکلیئر تھریٹ انیشی ایٹو (NTI) کے زیر انتظام ایک غیر منافع بخش ادارہ ہے، یہ ادارہ اس معاملے کی رپورٹ تیار کرتا ہے کہ کونسے ممالک کس طرح جوہری مواد کو ہینڈل کرتے ہیں اور تمام ممالک کی نیوکلیئر سیکیورٹی کی صلاحیتوں اور کوششوں کے معیار کی پیمائش کرتا ہے۔

تمام ممالک کے نیوکلیئر سیکیورٹی کے معیار کی پیمائش جن چیزوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے کی جاتی ہے ان میں جوہری مواد اور تنصیبات کی حفاظت، بین الاقوامی اصولوں اور معاہدوں کی پابندی، جوہری سلامتی کے لیے ریگولیٹری فریم ورک اور جوہری ہتھیاروں یا مواد تک غیر مجاز رسائی کو روکنے کے لیے بہترین طریقوں پر عمل درآمد شامل ہے۔

نیوکلیئر تھریٹ انیشی ایٹو (NTI) انڈیکس میں پاکستان کا سکور 49، بھارت کا 40، ایران کا 29 اور شمالی کوریا کا 18 ہے۔

دوسری جانب، انڈیکس نے گلوبل نیوکلیئر سیکیورٹی کے معیار پر تشویش کا اظہار بھی کیا ہے جوکہ مجموعی طور پر بگڑتا ہوا نظر آ رہا ہے۔