ماورا حسین بابر اعظم کی حمایت میں ایک بار پھر سامنے آگئیں

پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ خوبرو اداکارہ ماورا حسین قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کی حمایت میں ایک بار پھر سامنے آگئیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے اکتوبر میں ہونے والے ورلڈ کپ کی پروموشنل ویڈیو جاری کی تھی جس میں ون ڈے فارمیٹ میں نمبر ون پوزیشن پر موجود بابر اعظم کو نہیں دکھایا گیا تھا۔

بابر اعظم کو نظر انداز کئے جانے پر جہاں آئی سی سی کو کرکٹ شائقین کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے وہیں اب اداکارہ بھی قومی ٹیم کے کپتان کی حمایت میں سامنے آگئی ہیں۔

ماورا حسین نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر آئی سی سی کی جاری کردہ ورلڈ کپ کی پروموشنل ویڈیو کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے آئی سی سی کا رینکنگ چارٹ بھی شیئر کردیا جس کے مطابق بابر اعظم بیٹرز کی فہرست میں صف اول پر براجمان ہیں۔

ٹوئٹ میں انہوں نے لکھا کہ ’اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ ہمارے ساتھ کتنی ہی بار ایسا سلوک کیا جائے جیسے کہ ہم موجود ہی نہیں ہیں، ہم پھر بھی ہمیشہ ہمت و حوصلہ بلند رکھ کر دوبارہ کھڑے ہوتے ہیں اور تمام مشکلات کے باوجود صف اول میں جگہ بنا لیتے ہیں‘۔

خیال رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں جب ماورا حسین بابر اعظم کی حمایت میں سامنے آئی ہیں۔

اس سے قبل میڈیا کے ایک نمائندے کی جانب سے بابر اعظم کو سابق کپتان کہنے پر بھی انہوں نے بابر اعظم کی حمایت میں ٹوئٹ کیا تھا۔