راگھو جوئل نے شہناز گِل کے ساتھ ڈیٹنگ کی خبروں پر خاموشی توڑڈی

بالی ووڈ کے اُبھرتے ہوئے اداکار و ڈانسر راگھو جوئل نے اداکارہ شہناز گِل کے ساتھ ڈیٹنگ کی گردش کرتی خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ وہ سنگل ہیں اور انہوں نے کام سے شادی کرلی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق اداکار سلمان خان کی فلم ’کسی کا بھائی کسی کی جان‘ کی شوٹنگ کے دوران اداکار و ڈانسر راگھو جوئل اور اداکارہ شہناز گل کی ڈیٹنگ کے خبریں اس وقت گردش کرنے لگیں جب سلمان خان نے فلم کی تشہیری مہم کے دوران ان دونوں کی قربتوں کے حوالے سے مذاق کیا۔

تاہم اب بھارتی میڈیا کو دیئے گئے حالیہ انٹرویو کے دوران راگھو جوئل نے ان گردش کرتی خبروں پر خاموشی توڑتے ہوئے تمام خبروں کو افواہ قرار دے دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق انہوں نے کہا کہ ’میں نے اور شہناز گل نے ایک ساتھ فلم میں کام کیا ہے بس‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ فطری بات ہے جب دو فنکار ایک ساتھ کام کرتے ہیں تو ان کے حوالے سے باتیں کی جاتی ہیں، تاہم ہم دونوں ایک ساتھ نہیں ہیں، میں سنگل ہوں۔

راگھو جوئل نے بتایا کہ جلد ہی ان کی 3 فلمیں ریلیز ہونے والی ہیں تو یہ کہا جائے کہ میں نے اپنے کام سے شادی کرلی ہے تو غلط نہیں ہوگا۔ میں فی الحال سنگل ہی رہنا چاہتا ہوں کیونکہ میرے پاس کسی بھی رشتے میں بندھنے کے لئے وقت نہیں ہے‘۔