مکیش امبانی کو بم پروف گاڑی خریدنے کی ضرورت کیوں محسوس ہوئی؟ اس کی مالیت کیا ہے؟

ایشیا کے سب سے امیر ترین بزنس مین مکیش امبانی نے ایک بالکل نئی ’بم پروف‘ مرسڈیز کار خریدی ہے جس کی قیمت 10 کروڑ سے زیادہ بتائی جا رہی ہے۔

مکیش امبانی بہت سادہ طبیعت کے انسان ہیں مگر اِن کی کاروں سے محبت سے متعلق بہت کم لوگ جانتے ہیں، دنیا کی بہترین گاڑیوں اور کاروبار کو اِن کی پہلی محبت قرار دیا جاتا ہے۔

بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ مکیش امبانی کے 27 منزلہ گھر، اینٹیلیا کی ایک منزل ہے خصوصی طور پر ان کی دلکش کاروں کے لیے مختص ہے، ان کے پاس دنیا بھر کی بہترین کاروں کا مجموعہ ہے، حال ہی میں مکیش امبانی نے اپنی کار کلیکشن میں ایک اور کا اضافہ کیا ہے۔

بھارتی میڈیا ’ڈی این اے‘ کے مطابق ریلائنس انڈسٹریز (مارکیٹ ویلیو کے لحاظ سے ہندوستان کی سب سے بڑی اور مہنگی کمپنی ہے) کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی کو اپنی مرسڈیز بینز ایس 600 گارڈ بلٹ پروف سیڈان میں سفر کرنا پسند ہے لیکن حال ہی میں اُنہوں نے اپنی کار کو اپ گریڈ کیا ہے۔

مکیش امبانی نے ایک بالکل نئی مرسڈیز خریدی جس کی مالیت 10 کروڑ سے بھی زیادہ ہے اور یہ گاڑی دنیا کی محفوظ ترین، بم پروف گاڑی ہے۔

مکیش امبانی کی نئی گاڑی کا نام مرسڈیز بینز S680 گارڈ لگژری سیڈان ہے۔

’ڈی این اے‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق مکیش امبانی کی نئی ملکیت مرسڈیز بینز ایس 680 گارڈ لگژری باہر سے کسی دوسری مرسڈیز بینز ایس کلاس جیسی ہی دکھائی دیتی ہے مگر یہ تقریباً 2 ٹن وزنی ہے۔

مکیش امبانی کی اس نئی گاڑی میں ایک خاص مضبوط شیل استعمال کیا گیا ہے، گاڑی میں بلٹ اور بلاسٹ پروف ملٹی لیئرڈ شیشہ ہے اور یہ گاڑی مضبوط ترین ٹائر رکھتی ہے جو کہ 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتے ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سیکڑوں کی تعداد میں محافظ رکھنے والے مکیش امبانی نے یہ بم پروف گاڑی کیوں خریدی ہے اس سے متعلق کچھ بھی کہنا مشکل ہے مگر لگتا ہے کہ ارب پتی شخص اپنی پرانی گاڑی سے بور ہو گیا ہے۔