بھارتی لڑکی انجو سے والد اور بھائی ںے قطع تعلق کرلیا

بھارت سے اپنے پاکستانی دوست، شمالی علاقے دیربالا کے رہائشی نصراللّٰہ کے پاس آنے والی خاتون انجو سے اس کے بھائی ڈیوڈ اور والد گایا پرساد تھامس نے قطع تعلق کرلیا۔

نو مسلم اور نو بیاہتا انجو (فاطمہ) کے والد گایا پرساد تھامس نے بھارتی میڈیا کو دیئے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ جس طرح سے وہ اپنے دو بچوں اور شوہر کو پیچھے چھوڑ کر بھاگی ہے، اس نے تو اپنے بچوں تک کا نہیں سوچا، اگر انجو کو یہی کرنا تھا تو پہلے اپنے پہلے شوہر سے طلاق لیتی، اب وہ ہمارے لیے مر گئی ہے۔

انجو کے والد کا بیٹی کے حوالے سے مزید کہنا ہے کہ میں بھارتی حکومت سے اپنی بیٹی کو پاکستان سے واپس بھارت لانے کی اپیل نہیں کروں گا، میری درخواست ہے کہ اسے پاکستان میں ہی مرنے دیں۔

انجو (فاطمہ) کے والد نے بیٹی کے بچوں کے لیے پریشانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب اس کے بچوں کا کیا ہو گا، شوہر کا کیا ہو گا؟ اس کی 13 برس کی بیٹی اور پانچ برس کے بیٹے کا کیا ہو گا؟ اس نے اپنے بچوں کا اور شوہر کا مستقبل برباد کر دیا ہے۔

دوسری جانب انجو کے بھائی ڈیوڈ نے بھی بھارتی میڈیا پر اپنی بہن کے بھارت سے پاکستان پہنچنے، اسلام قبول کرنے اور شادی سے متعلق رائے کا اظہار کیا ہے۔

ڈیوڈ کا کہنا ہے کہ اگر اس کی بہن بھارت سے غداری کر چکی ہے تو اِسے واپس آنے کی ضرورت نہیں ہے، انجو وہیں رہے۔

ڈیوڈ نے مزید کہا ہے کہ انجو گھر سے دوست سے ملنے کا کہہ کر گئی تھی لیکن پھر ہمیں انجو نے بتایا کہ وہ پاکستان کے شہر لاہور پہنچ چکی ہے، انجو نے اپنے آفس سے گھومنے کی خاطر ایک ہفتے کی چھٹی لی تھی۔

انجو کے بھائی کے مطابق انجو کا ارادہ اس دوران خاندان کے ساتھ چھٹیاں گزارنے کا تھا لیکن پھر بجٹ کے باعث انجو کا پروگرام خاندان کے ساتھ نہیں بن پایا اور پھر انجو نے ہمیں بتایا کہ وہ امرت سر جا رہی ہے۔

بہن اور بہنوئی کے درمیانی ازدواجی تعلق سے متعلق ڈیوڈ کا کہنا تھا کہ دونوں اچھی زندگی گزار رہے تھے، میں بہن کے ساتھ رہتا تھا ان کے دو بچے ہیں وہ اچھی خوشگوار زندگی گزار رہی تھی لیکن ہمیں نہیں پتہ تھا کہ انجو نصر اللّٰہ سے رابطے میں ہے۔

انجو کے بھائی کے مطابق وہ انجو کے پاکستان جانے اور پھر نکاح کی خبروں کے بعد پریشان ہیں کہ پاکستان جیسا ملک جو ہم سے ناراض رہا ہے وہاں کیسے سب انجو سے واپس آنے کا کہہ رہے ہیں۔

بہن سے آخری بار ہونے والی بات سے متعلق ڈیوڈ کا کہنا تھا کہ آخری بار جب انجو سے بات ہوئی تھی تو بہن نے کہا تھا کہ وہ 2 سے 4 دن میں بھارت واپس آجائے گی، نصر اللّٰہ نے میری بہن کو سوشل میڈیا کے ذریعے بہلا پھسلا کر لالچ دیا جب ہی وہ پاکستان گئی ہے۔

بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران ڈیوڈ کا کہنا تھا کہ اگر انجو پاکستان میں شادی کر چکی ہے تو ہمارا فیصلہ یہی ہوگا کہ ہم انجو کو قبول نہیں کریں گے جو ہمارے ملک بھارت سے غداری کرے تو اسے واپس آنے کی ضرورت نہیں ہے، وہ وہیں (پاکستان ) میں رہے، ہمیں اس کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔

ڈیوڈ کا سوشل میڈیا پر ہونے والی دوستیوں سے متعلق کہنا تھا کہ سوشل میڈیا رشتوں کو خراب کر رہا ہے اور معاشرے میں بگاڑ پیدا کر رہا ہے۔