خاتون منگنی کے چند منٹ بعدپہاڑ کی چوٹی سے گر کر ہلاک

ترکیہ سے تعلق رکھنے والی 39 سالہ خاتون اپنی منگنی کے چند منٹ بعد پہاڑ کی چوٹی سے گر کر جان کی بازی ہار گئی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ترکیہ کے شمالی مشرقی پہاڑی علاقے چناکلیا (Çanakkale) میں یٰسم دیمیر نامی خاتون اپنی منگنی کے چند منٹ بعد پہاڑ سے پھسل گئی اور 100 فٹ گہری کھائی میں گر کر ہلاک ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خاتون کے منگیتر نِزامتین گُرسو کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنی منگنی کے لمحے کو یادگار بنانے کے لئے اس پہاڑی علاقے کا انتخاب کیا تھا۔

نِزامتین گُرسو نے میڈیا کو بتایا کہ یٰسم دیمیر اور میں نے غروب آفتاب کا نظارہ دیکھنے اور اس لمحے کو یادگار بنانے کے لئے اس جگہ کا انتخاب کیا تھا تاہم منگنی کے بعد جب کھانا لینے اپنی گاڑی کی جانب گیا تو یٰسم دیمیر کے چیخنے کی آواز سنائی دی۔

نِزامتین گُرسو کے مطابق اس نے فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی جس پر ریسکو اہلکار نے یٰسم دیمیر کو کھائی سے زندہ نکال لیا تاہم ہسپتال منتقل کرتے ہوئے وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گئی۔