کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ آف رائٹس کے سینٹر قائم کر دیے گئے: مخدوم محبوب الزمان

سندھ کے وزیرِ ریونیو مخدوم محبوب الزمان نے سندھ کابینہ کے اجلاس کے دوران ای رجسٹریشن پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ آف رائٹس کے سینٹر قائم کر دیے گئے ہیں۔

انہوں نے دوران بریفنگ بتایا کہ یہ مراکز لینڈ ایڈمنسٹریشن اینڈ ریونیو مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (LARMIS) کے تحت بنائے گئے ہیں، ریکارڈ لینڈ ایڈمنسٹریشن اینڈ ریونیو مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کی ویب سائیٹ پر موجود ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس پروجیکٹ کے ذریعے ای رجسٹریشن اور ای میوٹیشن کی جائے گی، پراپرٹی کے کاغذات کی رجسٹریشن اور میوٹیشن لارمس کے مراکز پر موجود نہیں ہیں۔

صوبائی وزیرِ ریونیو کا کہنا ہے کہ اس پروجیکٹ کے لیے پنجاب آئی ٹی بورڈ کی خدمات حاصل کی جا رہی ہیں، پنجاب آئی ٹی بورڈ سندھ حکومت کے لیے سافٹ ویئر بنا کر اس کو نافذ کرے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ پروجیکٹ کی کامیابی کے بعد اسے صوبے کے دیگر اضلاع تک بڑھایا جائے گا۔