قبائلی و نیم قبائلی اضلاع 4 ماہ کے لیے سیلز ٹیکس سے مستثنی قرار

خیبر پختون خوا کے قبائلی و نیم قبائلی اضلاع کو 4 ماہ کے لیے سیلز ٹیکس سے مُستثنی قرار دے دیا گیا جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

خیبر پختون خوا ریونیو اتھارٹی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق استثنیٰ کا فیصلہ اتھارٹی کے پالیسی بورڈ نے صوبائی حکومت کی اجازت سے کیا ہے تاہم ٹیکس کی چھوٹ مواصلات، پی ایس ڈی پی اور اے ڈی پی کے پروجیکٹس پر لاگو نہیں ہو گی۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ان اضلاع کے اندر کاروبار پر سیلز ٹیکس کی چھوٹ ہو گی جو یکم جولائی 2023ء سے نافذالعمل ہو گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق سیلز ٹیکس سے استثنیٰ کا اطلاق 31 اکتوبر 2023ء تک ہو گا۔