امریکا کی باجوڑ میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت

امریکا نے باجوڑ میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پرامن اور جمہوری معاشرے میں ایسی دہشت گردی کی کوئی جگہ نہیں ہے۔

اسلام آباد میں امریکی سفارتخانہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے امریکا شمال مغربی پاکستان کے ضلع باجوڑمیں ہونے والے المناک دھماکے میں میں اپنی جانوں سے ہاتھ دھونے والے متاثرین کے خاندانوں اور پیاروں کے ساتھ گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہے۔

ہم تشدد کے اس گھناؤنے فعل کی پرزور مذمت کرتے ہیں، جس کے نتیجے میں بے گناہ جانیں ضائع ہوئیں اور بہت سے لوگوں کو نقصان پہنچا۔ پرامن اور جمہوری معاشرے میں ایسی دہشت گردی کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ ہم اس مشکل وقت میں پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ہم دہشت گردی سے نمٹنے اور اس کے شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے میں پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔