بھارتی خاتون انجو’’شادی کی مبارکبادیں، پلاٹس سمیت قیمتی تحائف، بھاری رقوم کے چیک‘‘

انڈیا سے واہگہ کے راستے پاکستان کی سیاحت کے نام پر اپنے فیس بک فرینڈ نصر اللہ سے ملنے کیلئے آنے والی بھارتی خاتون انجو جو اب فاطمہ بن چکی ہے اور میڈیا سے اپنی گفتگو میں نصر اللہ سے شادی کی مسلسل تردید کر رہی تھی اب نہ صرف دیر بالا میں شادی کی مبارکبادیں بلکہ پلاٹس سمیت دیگر قیمتی تحائف جن میں بھاری رقوم کے چیک بھی شامل ہیں وصول کر رہی ہے جس کی ویڈیو بھی وائرل ہو رہی ہیں اس کے ساتھ ساتھ نصر اللہ اور ’’فاطمہ‘‘ کے اعزاز میں دعوتوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

دوسری طرف نصر اللہ ان کوششوں میں مصروف ہے کہ ’’اپنی بیگم فاطمہ‘‘ جو ایک ماہ کے ویزے پر پاکستان آئی ہے اور آئندہ چند روز میں اس کے ویزے کی مدت ختم ہو جائے گی اس کے ویزے میں کسی طریقے سے توسیع ہوجائے اس مقصد کیلئے وہ لوگوں سے رابطوں میں مصروف ہے۔

یہاں یہ بات بھی خاصی دلچسپ ہے کہ بعض رئیل اسٹیٹ سے وابستہ لوگ اپنی زمینوں کے پروجیکٹس کی تشہیر کیلئے انجو کی متنازعہ شہرت سے فائدہ اٹھا رہے ہیں اور حال ہی میں انہیں دونوں کو پلاٹوں سمیت عمرہ پیکج بھی دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ رواں ہفتے کے اوائل میں انجو اور نصراللہ نے اپنے نکاح اور مذہب تبدیل کرنے کے بارے میں خبروں کی تردید کی تھی اور دعویٰ کیا تھا کہ انجو 2یا 3دن میں ہندوستان واپس جانے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔