پاکستانی گھڑ سوار عثمان خان پیرس اولمپکس کیلئے کوالیفائی

پاکستان کے گھڑ سوار عثمان خان نے اگلے سال ہونے والے پیرس اولمپکس کیلئے کوالیفائی کرلیا ہے، انہوں نے یہ سنگ میل آئرلینڈ میں ہونے والے ایونٹ میں حاصل کیا ۔

آئرلینڈ میں عثمان نے ایف ای ایس کے اولمپک کوالیفائیکشن معیار کو حاصل کرلیا۔

لاہور میں پیدا ہونے والے عثمان خان نے یہ کوالیفائیکشن اپنے گھوڑے معراج کے ساتھ حاصل کیا۔انہوں نے اولمپک کوالیفائیکشن کیلئے یورپ میں مختلف ایونٹس میں شرکت کی جن میں سوئٹزرلینڈ، فرانس، پولینڈ، جرمنی اور بیلجیئم میں ہونے والے ایونٹس شامل ہیں۔

عثمان خان ان دنوں فرانس میں قیام پذیر ہیں تاکہ پیرس اولمپکس کیلئے بھرپور انداز میں تیاری کرسکیں۔

یہ مسلسل دوسرا موقع ہے جب عثمان خان نے اولمپکس کیلئے کوالیفائی کیا ہو ۔

انہوں نے ٹوکیو اولمپکس کیلئے بھی کوالیفائی کیا تھا مگر اولمپکس سے قبل وہ ایک حادثے کا شکار ہوگئے تھے جس میں وہ شدید زخمی اور ان کا گھوڑا ہلاک ہوگیا تھا ۔

عثمان خان اولمپکس ایکیوسٹرین میں ’’ایونٹنگ‘‘ کے مقابلوں میں حصہ لیں گے ،جس میں کراس کنٹری، شو جمپنگ اور ڈریسج کیلئے گھوڑے اور گھڑ سوار دونوں کی صلاحیتوں کا امتحان ہوتا ہے اس لیے اس کی کوالیفیکشن بھی گھوڑے اور رائیڈر کے پیئر کے طور پر ہوتی ہے ۔

اہم رائیڈرز بیک اپ گھوڑا بھی نامزد کرسکتے ہیں۔

عثمان خان نے جیو نیوز سے گفتگو میں کہا کہ یہ پاکستان کیلئے بڑا موقع ہے کہ ایک بار پھر اولمپکس کیلئے کوالیفائی کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ اگلے 12 ماہ میں اس معیار کو برقرار رکھا جائے جس کیلئے ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ مقابلوں میں شرکت کی جائے اور ایک بیک اپ گھوڑے کو بھی تیار رکھا جائے ۔

عثمان خان نے کہا کہ اگر ان سے طے شدہ فنڈنگ کی رقم جاری کردی جائے تو ان کیلئے اس معیار کو برقرار رکھنا آسان ہوجائے گا جو پیریس اولمپکس میں پاکستان کیلئے کافی مفید ثابت ہوگا۔

واضح رہے کہ عثمان خان نے ایشین گیمز کیلئے بھی کوالیفائی کرلیا تھا تاہم ایکیوسٹرین فیڈریشن آف پاکستان نے بروقت ان کی انٹری کی تصدیق نہیں کی جس کی وجہ سے وہ چین میں ہونے والے ایونٹ میں شرکت سے محروم رہ گئے ۔