پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط

پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دستخط کی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔

چین کے صدر شی جن پنگ کے نمائندہ خصوصی اور جمہوریہ چین کے نائب وزیراعظم ہی لیفینگ سی پیک کے 10 سال مکمل ہونے کی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان میں موجود ہیں اور آج انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے پی ایم ہاؤس میں ملاقات بھی کی۔

چین کے نائب وزیراعظم ہی لیفینگ وزیراعظم ہاؤس پہنچے تو وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے ان کا استقبال کیا۔

بعدازاں پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی مختلف یادداشتوں پر دستخط بھی ہوئے جس میں وفاقی وزراء بلاول بھٹو زرداری، احسن اقبال، نوید قمر، مریم اورنگزیب، احسن اقبال اور سعد رفیق بھی شامل تھے۔

مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا ایم ایل ون اور کراچی سرکلر ریلوے بہت ہی اہم منصوبے ہیں اور مجھے یقین ہے کہ پاکستان اور چین مل کر ان پراجیکٹس کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے اور ہم انتھک محنت سے پاکستان کو اپنے قدموں پر کھڑا کریں گے۔