ملالہ یوسف زئی بھی ’باربی‘ کے رنگ میں رنگ گئی

پاکستان کی نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی بھی ’باربی‘ کے رنگ میں رنگ گئی، فلم دیکھی اور پھر باربی کے فوٹو بوتھ سے شوہر کے ہمراہ تصویر بھی شیئر کردی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر خواتین کے حقوق کے لئے آواز بلند کرنے والی ملالہ یوسف زئی نے اپنی اور شوہر عصر ملک کی تصویر شیئر کی، جس میں انہیں باربی فوٹو بوتھ میں گلابی رنگ کے شلوار قمیض جبکہ عصر ملک کو سیاہ کورٹ اور سفید شرٹ زیب تن کئے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

تاہم اس تصور سے زیادہ اس کے کیپشن نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالی، ملالہ نے لکھا کہ ’اس باربی کے پاس نوبل انعام ہے جبکہ وہ (عصر ملک) صرف کین ہے، ہمیں فلم پسند آئی، یہ مزاحیہ اور سوچنے پر مجبور کر دیتی ہے‘۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ’مجھے امید ہے کہ اس کیپشن سے تمام کینز کو اتنا نقصان نہیں پہچے گا جتنا کہ فلم میں کین کو ہوا‘۔

خیال رہے کہ ملالہ مذکورہ کیپشن فلم باربی کے ڈائیلاگ ’She is everything, he is just Ken‘ کے حوالے سے تھا، جس میں باربی کو اس کی تمام تر کامیابیوں کے باعث کین سے بہتر مانا جاتا ہے۔

ملالہ کی اس پوسٹ پر ان کے شوہر عصر ملک نے کمینٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’I’m Kenough‘