سلمان خان کو ایک مرتبہ پھر لارنس بشنوئی نے قتل کی دھمکی دے دی

بالی ووڈ کے معروف اداکار سلمان خان کو ایک مرتبہ پھر بدنام زمانہ جرائم پیشہ ور گروپ لارنس بشنوئی نے قتل کی دھمکی دے دی۔

بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق، سلمان خان کو گینگسٹر گولڈی برار کی جانب سے ایک مرتبہ پھر قتل کی دھمکی موصول ہوئی ہے۔

سلمان خان نے بگ باس (OTT) سیزن 2 کے کنٹسٹنٹ ایلوش یادیو کو رئیلٹی شو میں موجود ساتھی خواتین کنٹسٹنٹس کے ساتھ بدسلوکی اور بدتمیزی کرنے پر غصے کا اظہار کیا تھا۔

جس کے بعد ایلوش یادیو کے مداحوں نے اپنے پسندیدہ کنٹسٹنٹ کی حمایت میں سوشل میڈیا پر سلمان خان کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا۔

یہی نہیں بلکہ بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے گولڈی برار کی ایک پوسٹ کا اسکرین شاٹ بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔

گولڈی برار نے سلمان خان کے ایلوش یادیو پر شو کے دوران غصّہ ہونے پر ردِعمل دیتے ہوئے اُنہیں ایک بار پھر سے قتل کی دھمکی دی ہے، جس کے بعد سلمان خان کی سیکیورٹی کو مزید سخت کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے سلمان خان کو اس سے پہلے بھی کئی مرتبہ قتل کی دھمکیاں موصول ہوچکی ہیں، اسی لیے ممبئی پولیس نے اداکار کو سخت سیکیورٹی فراہم کی ہوئی ہے۔