رمشا خان نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے سے متعلق تمام خبروں کی تردید کر دی

پاکستان شوبز انڈسٹری کی خوبرو اداکارہ رمشا خان نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے کے حوالے سے گردش کرتی خبروں پر لب کشائی کر دی۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اداکارہ رمشا خان نے شوبز انڈسٹری چھوڑنے سے متعلق تمام خبروں کی تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دے دیا۔

انہوں نے سوشل میڈیا پر وائرل خبروں پر کان نہ دھرنے کی درخواست کرتے ہوئے اپنی انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ ’میں اداکاری نہیں چھوڑ رہی، براہ کرام سوشل میڈیا پر جو دیکھیں اُس پر یقین نہ کریں‘۔

خیال رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے اداکارہ رمشا خان کا ایک ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا تھا جس میں اداکارہ نے ایک سوال پر شادی کے بعد اداکاری سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا اظہار کیا تھا۔ تاہم اب رمشا خان نے اس حوالے سے تمام خبروں کی تردید کر دی ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل رمشا خان نے شادی سے متعلق پوچھے گئے متعدد سوالات پر کھل کر بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابھی ان کا شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

واضح رہے کہ رمشا خان جلد جیو کے ڈرامہ سیریل ’جنت سے آگے‘ میں اداکارہ کبریٰ خان، گوہر رشید، طلحہ چہور سمیت دیگر کئی فنکاروں کے ہمراہ دکھائی دیں گی۔