چیئرمین نیب کاڈائریکٹر جنرلز کوہر قسم کا فراڈ روکنے کا حکم

چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل(ر) نذیر احمد نے ملک بھر میں نیب کے عہدیداروں کو عوام سے رابطے بڑھانے اور ہر قسم کا فراڈ روکنے کا حکم دیا ہے ۔

صوبوں میں نیب کے سینئر ترین عہدیدار ماہانہ ایک دن عوامی شکایات سنا کریں گے سادہ لوح عوام کو بھاری منافع کا لالچ دیکر ہائوسنگ اور دیگر سیکٹرز میں لوٹ مار بند کرنا ہو گی ۔

ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی اور دوسرے ریجنوں کے ڈائریکٹر جنرلز نیب ہر مہینے عوام سے اُنکے مسائل سنا کرینگے جس کیلئے ایک دن مہینے میں مقرر کیا جائیگا۔ نیب راولپنڈی کے ڈائریکٹر جنرل نے ہر ماہ کی پہلی جمعرات کو کھلی کچہری کا انعقاد شروع کر دیا ہے۔

3 اگست جمعرات کو چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کی جاری کردہ ہدایات کی روشنی میں نیب راولپنڈی کے ڈائریکٹر جنرل نے عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئےماہانہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ ڈائریکٹر جنرل نیب راولپنڈی مرزا عرفان بیگ کی نگرانی میں کھلی کچہری میں متاثرین نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور اپنے مسائل و شکایات سے آگاہ کیا۔

نیب حکام نے متاثرین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے کہا کہ نیب راولپنڈی ہر ماہ کی پہلی جمعرات کو دن 2سے 4بجے کے درمیان کھلی کچہری کا انعقاد کیا کریگا تاکہ سائلین کو فوری انصاف کی راہ ہموار ہو سکے۔

کھلی کچہری میں شرکت کرنے والے تمام متاثرین نے چیئرمین نیب کے ویژن اور نیب راولپنڈی کے ڈائریکٹر جنرل مرزا عرفان بیگ کے عملی اقدامات کو سراہا۔

تفصیلات کے مطابق عوام کو کرپشن و لوٹ مار سے متعلقہ مسائل کے فوری مداوا کرنے کیلئے چیئرمین نیب کی جانب سے ماہانہ کھلی کچہری کے انعقاد کی ہدایت دی گئی تھی جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل نیب کی نگرانی میں جمعرات کو دن دو بجے پہلی کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔

اس موقع پر سائلین کی بڑی تعداد شکایات اور دستاویزات لیکر پہنچی جہاں نیب کے ڈائریکٹر جنرل نے سائلین کے مسائل اور شکایات کو بغور سنا اور متاثرین کی شکایات پر متعلقہ افسران کو فوری طور پر ٹھوس اقدامات کرنے کے احکامات جاری کئے جبکہ سائلین کو اُنکی شکایات پر ہونیوالی پیشرفت سے آگاہ رکھنے کیلئے منظم طریقہ کار کے اجراء کے احکامات جاری کئے۔