شمعون عباسی کار حادثے میں زخمی

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار شمعون عباسی کار حادثے میں زخمی ہوگئے۔

شمعون عباسی کی بہن، اداکارہ انوشے عباسی نے گزشتہ روز اپنی انسٹا اسٹوری میں اپنے بھائی کے حادثے میں زخمی ہونے کی اطلاع دیتے ہوئے مداحوں سے دعا کرنے کو کہا۔

اُنہوں نے اپنی انسٹا اسٹوری میں لکھا کہ جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ شمعون بھائی آج ایک حادثے کا شکار ہوگئے ہیں۔

اُنہوں نے بھائی کی خیریت دریافت کرنے والے تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ الحمدللّٰہ، اب وہ ٹھیک ہیں۔

اُنہوں نے لکھاکہ بس ان کا ایک دانت ٹوٹ گیا ہے جس کی وجہ سے وہ کافی تکلیف میں ہیں۔

انوشے عباسی نے مداحوں سے اپیل کی کہ آپ سب اُنہیں اپنی دعاؤں میں یاد رکھیں۔

دوسری جانب، شمعون عباسی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی جان بچ جانے پر اللّٰہ کا شکر ادا کرتے ہوئے لکھا کہ میں اپنے دل کی گہرائیوں سے خدا کا مجھ سے محبت کرنے، مجھے معاف کرنے، میرے زخموں کو بھرنے اور مجھے کبھی اکیلا نہ چھوڑنے پر شکر گزار ہوں۔

واضح رہے کہ شمعون عباسی پاکستانی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں اپنا ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں اور اُنہیں اپنی غیر معمولی اداکارانہ صلاحیتوں کی وجہ سے مداحوں اور ناقدین دونوں کی بھرپور توجہ حاصل ہے، اُنہیں زیادہ تر منفی کرداروں میں شاندار اداکاری کے لیے پہچانا جاتا ہے۔