ٹرینٹ بولٹ اور کائل جیمیسن کی نیوزی لینڈ اسکواڈ میں واپسی

فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ اور کائل جیمیسن کی نیوزی لینڈ اسکواڈ میں واپسی ہو گئی۔

نیوزی لینڈ کرکٹ نے انگلینڈ اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے خلاف سیریز کے لیے اسکواڈز کا اعلان کر دیا۔

نیوزی لینڈ نے یو اے ای میں ٹی ٹوئنٹی جبکہ انگلینڈ میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنی ہے۔

فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ ایک سال سے بھی زیادہ عرصے کے بعد ٹیم میں واپس آئے ہیں جبکہ کائل جیمیسن کی کمر کی انجری سے چھٹکارا پانے کے بعد واپسی ہوئی ہے۔

مارک چیپمین اور جمی نیشم فیملی کمٹمنٹ کی وجہ سے دستیاب نہیں ہیں جبکہ گھٹنے کا ری ہیب کرنے والے کین ولیمسن ٹریننگ کے لیے ٹیم کے ہمراہ ہوں گے۔

انگلینڈ اور یو اے ای کے خلاف ٹی ٹوئنٹی میچز میں ٹیم کی قیادت ٹم ساؤتھی اور انگلینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز میں ٹیم کی قیادت ٹام لیتھم کریں گے۔

یو اے ای میں ٹی ٹوئنٹی میچز 17، 19 اور 20 اگست کو کھیلے جائیں گے، انگلینڈ میں ٹی ٹوئنٹی میچز 30 اگست، یکم، 3 اور 5 ستمبر جبکہ ون ڈے میچز 8، 10، 13 اور 14 ستمبر کو ہوں گے۔

نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم ستمبر کے آخر میں بنگلادیش میں بھی تین ون ڈے میچز کھیلے گی۔