صدر جوبائیڈن کو دھمکیاں دینے والے شخص کو ہلاک کردیا گیا

امریکا کے صدر جوبائیڈن کو دھمکیاں دینے والے شخص کو سیکیورٹی اہلکاروں نے فائرنگ کر کے ہلاک کردیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی قانون نافذ کرنے والی ایجنسی ایف بی آئی نے ملزم کے مارے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ مخصوص اہلکار ریاست یوٹاہ میں ملزم کے گھر گرفتاری کے لیے سرچ وارنٹ لے کر گئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق ایف بی آئی نے مارے جانے والے شخص کی شناخت ظاہر نہیں کی ہے اور کہا ہے کہ اس حوالے سے تفتیش جاری ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اس کارروائی میں شامل 2 اہلکاروں نے بتایا ہے فائرنگ کے وقت ملزم کے پاس بھی اسلحہ موجود تھا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق 70 سالہ کریگ رابرٹسن نامی شخص نے کئی مرتبہ سوشل میڈیا پر امریکی صدر جوبائیڈن کو دھمکیاں دی تھیں۔

رپورٹس کے مطابق کریگ رابرٹسن نے رواں ہفتے سوشل میڈیا پر پوسٹ میں دھمکی آمیز جملوں کا استعمال کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے سنا ہے جوبائیڈن یوٹاہ آرہے ہیں تو میں اپنی بندوق (اسنائپر) سے گرد و غبار صاف کررہا ہوں۔

رپورٹس کے مطابق اس شخص کے خلاف نائب صدر کملا ہیرس اور اٹارنی جنرل کو بھی دھمکیاں دینے کی شکایات درج تھیں۔