تشدد سے نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ بہن کی مدعیت میں درج

کراچی کے علاقے ناگن چورنگی کے قریب رینٹ اے کار کے دفتر میں تشدد سے نوجوان کی ہلاکت کا مقدمہ سر سید تھانے میں درج کرلیا گیا، مقدمہ میں اغوا کے بعد قتل کرنے کی دفعات شامل ہیں۔

مقدمہ مقتول کی ہمشیرہ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مدعیہ کے مطابق انہیں اطلاع ملی کہ ان کے بھائی عدیل کی لاش اے آر رینٹ کار میں موجود ہے۔

خاتون کے مطابق وہ اپنے شوہر اور بہنوں کے ہمراہ پہنچی تو میرے بھائی کی تشدد زدہ لاش موجود تھی۔

بھائی پر بہیمانہ تشدد کیا گیا، ہاتھوں اور پیروں کی انگلیاں توڑ دی گئیں۔

مدعیہ کے مطابق ان کے بھائی عدیل کو ملزمان علی نواز ، عمار، حسنان ، سفیر اور دیگر افراد نے کسی تنازعے پر اغوا کیا۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے ان کے بھائی کو تشدد کا نشانہ بنایا اور قتل کردیا۔

مقدمہ کے مطابق تشدد کرنے والے افراد کو ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے۔ پولیس نے دو مرکزی ملزمان علی نواز ، محمد عمار کو گرفتار کرلیا۔