کامیاب آپریشن کے بعد خاتون کے پیٹ سے 15 کلو وزنی ٹیومر نکال دیا گیا

بھارت میں کامیاب آپریشن کے بعد خاتون کے پیٹ سے 15 کلو وزنی ٹیومر نکال دیا گیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست مدھیا پردیش کے شہر اندور میں 41 سالہ خاتون کو پیٹ میں شدید تکلیف کے باعث اسپتال داخل کروایا گیا، تاہم چیک اپ کے دوران معلوم ہوا کہ ان کے پیٹ میں ایک بڑا ٹیومر موجود ہے۔

تاہم معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے خاتون کا آپریشن کرنے کا فیصلہ کیا۔

ڈاکٹروں کے مطابق 15 کلو وزنی ٹیومر نکالنے کے لیے خاتون کی 2 گھنٹے سے زائد کی سرجری کی گئی، آپریشن میں درجن سے زائد ڈاکٹرز اور عملے نے حصہ لیا۔

آپریشن کرنے والی ٹیم میں شامل ایک ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ سرجری انتہائی پیچیدہ تھی کیونکہ ٹیومر کافی پھیل چکا تھا جسے نکالنا ایک مشکل عمل تھا لیکن ڈاکٹروں نے مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسے کامیاب بنایا۔

ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ ٹیومر پھٹنے والا تھا جوخاتون کی جان کے لیے خطرناک ہو سکتا تھا۔ تاہم آپریشن کے بعد اب وہ ٹھیک ہیں۔