افغانستان کیخلاف سیریز: قومی اسکواڈ پاکستان سے کل سری لنکا روانہ ہوگا

قومی کرکٹ اسکواڈ کے پاکستان میں دستیاب کھلاڑی کل اسپورٹ اسٹاف کے ہمراہ سری لنکا روانہ ہوں گے۔ پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان تین ایک روزہ میچز کی سیریز کا پہلا ون ڈے میچ 22 اگست کو کھیلا جائے گا۔

افغانستان کے خلاف سیریز کی تیاری کےلیے پاکستان میں دستیاب کرکٹرز کا کیمپ لاہور میں لگایا گیا جو 3 روز کی ٹریننگ کے بعد ختم ہوگیا۔

آخر ی روز کھلاڑیوں نے سیناریو میچ کھیلا۔ میچ کے دوران آل راؤنڈر فہیم اشرف کی ٹانگ پر بیٹر سلمان علی آغا کی شاٹ لگ گئی اور وہ گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔

ٹیم مینجمنٹ کے مطابق انجری سنجیدہ نوعیت کی نہیں ہے۔

پاکستان سے سلمان علی آغا، عبداللّٰہ شفیق، فہیم اشرف، سعود شکیل، محمد رضوان، طیب طاہر، شاہین آفریدی، حارث رؤف اور وسیم جونیئر سپورٹ اسٹاف کے ہمراہ کل دوپہر کو سری لنکا روانہ ہوں گے۔

ماہر نفسیات مقبول بابری 18 اگست کو سری لنکا میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔

اسامہ میر اور شاداب خان انگلینڈ سے سری لنکا پہنچیں گے جبکہ لنکا پریمیئر لیگ کھیلنے والے کپتان بابر اعظم، نسیم شاہ، محمد نواز، افتخار احمد، محمد حارث، فخر زمان اور امام الحق سری لنکا میں ٹیم میں شامل ہوں گے۔

قومی اسکواڈ 18 اگست کو ہمبنٹوٹا میں اکٹھا ہوگا۔