جڑانوالہ میں مسیحی ماں غم سے نڈھال،حملہ آوروں نے 2 بیٹیوں کا جہیز جلا دیا

جڑانوالہ میں مسیحی ماں غم سے نڈھال ہے، حملہ آوروں نے اس کی بیٹیوں کے جہیز کا سامان لوٹ کر گھر کے تمام سامان کو آگ لگا دی۔

غمزدہ ماں کا کہنا ہے کہ تین ماہ بعد اس کی دو بیٹیوں کی شادی تھی، ریٹائرمنٹ کی ملنے والی رقم سے بیٹیوں کے جہیز کا سامان پائی پائی جمع کر کے بنایا، جہیز کا سامان لوٹ کر گھر کے تمام سامان کو آگ لگا دی گئی۔

ایک اور خاتون نے سوال کیا کہ ہر بار مسیحی برادری کے ساتھ یہ ظلم کیوں ہوتا ہے؟ متاثرین کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں میں زیادہ تعداد باہر کے لوگوں کی تھی، علاقے کے مسلمانوں کی جانب سے روکنے کی کوششیں بھی ناکام رہیں۔

حملوں میں ملوث مزید 17ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، جس کے بعد گرفتار افراد کی تعداد 145 ہوگئی، اجڑے مسیحوں کی جلے گھروں کی واپسی کا سلسلہ جاری ہے، جلے گھروں اور تباہی کے مناظر دیکھ کر متاثرین رنجیدہ ہیں۔

سانحے میں 19 گرجا گھروں کو جلایا گیا، 86 مکانات توڑ پھوڑ کے بعد جلائے گئے۔