صبح سویرے فائرنگ، خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق ایک شخص زخمی

کراچی میں صبح سویرے فائرنگ کے واقعات میں خاتون سمیت 3 افراد جاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق سہراب گوٹھ کے قریب ابوالحسن اصفہانی روڈ پر گاڑی پر فائرنگ کے نتیجے میں لڑکی سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی تو کار میں سوار لڑکی اور لڑکا جاں بحق ہو چکے تھے۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی کے اہلخانہ موقع پر پہنچے اور اس کی لاش اپنے ساتھ گھر لے گئے جبکہ لڑکے کی لاش پولیس نے قبضے میں لے کر اسپتال منتقل کر دی ہے۔

ڈی ایس پی سہراب گوٹھ سہیل فیض کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ پر دہرے قتل کی واردات غیرت کے نام پر ہوئی ہے۔ مقتول لڑکے کی شناخت احسن کے نام سے ہوئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ پولیس نے واردات میں ملوث ہونے کے شبے میں لڑکی کے والد اور بھائی کو حراست میں لے لیا ہے۔

علاوہ ازیں صبح سویرے کراچی کے علاقے بڑا بورڈ میں بھی نورانی مسجد کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ دوسرا شخص آصف زخمی ہوگیا۔

پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت نہیں ہوسکی ہے۔

دوسری جانب پاک کالونی میں گزشتہ رات فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار بھی جاں بحق ہوا۔