عوامی ردعمل کا خوف، میٹر ریڈرز کا ریڈنگ کے لیے جانے سے انکار

ملک بھر میں بجلی کے بھاری بلوں کے خلاف شدید عوامی احتجاج کے بعد کے بجلی فراہمی کے اداروں نے پولیس سے سیکیورٹی مانگ لی جب کہ میٹر ریڈرز نے ریڈنگ کےلیے جانے سے انکار کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی تا خیبر بجلی کے بلوں نے آگ لگا دی ہے اور لوگ سڑکوں پر سراپا احتجاج ہیں، مشتعل عوام بجلی کے بلوں کو آگ لگا کر بل نہ بھرنے کا اعلان کر رہے ہیں غریب رو رو کر دہائی دے رہے ہیں جب کہ کچھ علاقوں میں بجلی فراہمی کے اداروں کے اہلکاروں پر تشدد کے واقعات بھی پیش آئے ہیں۔

عوام کے اس شدید ردعمل کے پیش نظر بجلی فراہمی کے اداروں نے اپنے تحفظ کے لیے پولیس سے سیکیورٹی مانگ لی ہے جب کہ میٹر ریڈرز نے تشدد کے خطرے کے پیش نظر ریڈنگ کے لیے جانے سے انکار کر دیا ہے۔

میٹر ریڈنگ میں تاخیر کے باعث صارفین کے بلوں کے یونٹ بڑھنے سے بلوں کی مالیت میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔