ڈکیتی اور موبائل پیکیجنگ میں ملوث گروہ کے 2 ملزمان گرفتار

پاکستان رینجرز سندھ اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سے ڈکیتی اور موبائل پیکیجنگ میں ملوث گروہ کے 2 ملزمان ذیشان اور صغیر کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان کے مطابق 18 اگست 2023 کو ملزم ذیشان نے اپنے ساتھی کے ہمراہ اورنگی ٹاؤن میں ایک موٹر سائیکل سوار سے گن پوائنٹ پر موبائل فون اور نقد رقم چھین لی تھی، چھینا ہوا موبائل فون ملزم نے اپنے ساتھی ملزم صغیر کو فروخت کیا، واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سوشل میڈیا پر بھی وائرل ہوئی تھی جس میں ملزمان کو پہچانا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم ذیشان نے اورنگی ٹاؤن، سائٹ ٹاؤن اور گردونواح میں ڈکیتی کی 50 سے زائد وارداتوں میں 150 سے زائد موبائل فونز اور ایک لاکھ روپے سے زائد نقدی لوٹنے کا اعتراف کیا ہے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم صغیر نے 80 سے زائد موبائل فونز کی پیکیجنگ کا اعتراف کیا ہے، گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔