مجرمانہ سرگرمیوں کا الزام، سنگھار کا نام ریڈ بک میں شامل

کراچی کے قدیم علاقے لیاری میں ایک بار پھر ابھرتی ہوئی مجرمانہ سرگرمیوں میں متحرک ہونے کے الزام میں بلوچستان لبریشن فرنٹ کے مبینہ رکن سنگھار کا نام ریڈ بک میں شامل کر لیا گیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق لیاری کے معروف فٹبالر عبدالرشید ذکری کا بیٹا علی حسن عرف سنگھار قوم پرستی میں بے راہ روی کا شکار ہوا، علی حسن عرف سنگھار پر انتہاپسندانہ سرگرمیوں اور دہشت گردی میں انتہائی متحرک کردار ادا کرنے کا الزام ہے۔

سندھ پولیس کے کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ کی ریڈ بک کے نئے ایڈیشن میں علی حسن عرف سنگھار کا نام، تصویر اور دیگر تفصیلات 113 صفحہ پر شائع کی گئی ہیں۔

سی ٹی ڈی کی جاری تفصیلات کے مطابق سنگھار افغانستان اور ایران سے کراچی میں دہشتگردی کی کارروائیوں کیلئے اپنا گروپ چلا رہا ہے۔

ریڈ بک میں وارداتوں یا مقدمات کی تفصیلات تو شامل نہیں کی گئیں لیکن بتایا گیا ہے کہ ملزم کراچی اور بلوچستان میں دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں مطلوب ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ملزم ان دنوں ایران میں ہے تاہم لیاری میں اس کے گروہ کے لڑکے بھتہ اور دیگر جرائم میں ملوث پائے گئے ہیں۔