کراچی : فائرنگ سے جماعت اسلامی کا کونسلر جاں بحق، 2 افراد زخمی

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں فائرنگ سے جماعت اسلامی کا کونسلر جاں بحق جبکہ 2 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق جھگڑا بجلی کی تاروں میں کنڈا لگانے پر ہوا، فائرنگ کرنے والا گروپ چوری کی بجلی کے بدلے رقم وصول کرتا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق حبیب اللّٰہ جماعت اسلامی کا کونسلر ہے۔

کارکن کے جاں بحق ہونے پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن بھی عباسی شہید اسپتال پہنچے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ کنڈا مافیا پیپلزپارٹی کی سرپرستی میں کام کر رہی ہے، واقعہ حکومت کے لیے شرمناک ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے وزیر داخلہ، وزیراعلیٰ اور آئی جی سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

دوسری جانب گولیمار میں فائرنگ سے نوجوان قتل ہوگیا، واقعہ کے خلاف علاقہ مکینوں نے گارڈن سے پاک کالونی جانے والی سڑک پر احتجاج کیا۔