یہ سیاست اورتجارت نہیں ریاست بچانے کاوقت ہے:شوکت ورک

یہ سیاست اورتجارت نہیں ریاست بچانے کاوقت ہے، ڈالر کی ڈورکاٹناکوئی راکٹ سائنس نہیں ،صرف نیت کی ضرورت ہے

لاہور:ڈاکٹر اے کیو خان ہسپتال ٹرسٹ کے بانی و جنرل سیکرٹری اورہردلعزیزسماجی شخصیت ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے کہا ہے کہ پاکستان کامستقبل روشن ہے ، کرپشن کے سوراخ بندہوں گے توپاکستان کی معیشت ٹیک آف کرے گی ۔یہ سیاست اورتجارت نہیں ریاست بچانے کاوقت ہے۔

ہرطبقہ اتحاد ویکجہتی کیلئے اپنا کلیدی کرداراداکرے ۔ڈالر کی ڈورکاٹناکوئی راکٹ سائنس نہیں ،صرف نیت کی ضرورت ہے۔

ڈالر جس رفتار سے اوپر گیا اب دوگنی سپیڈ سے نیچے آئے گا۔پاکستان کے دردمند اوردانشمند ارباب اختیار کاقومی معیشت کی اٹھان اوراڑان کیلئے متحرک ہوناخوش آئند ہے ۔

اپنے ایک بیان میں ڈاکٹر شوکت بابر ورک نے مزید کہا کہ اسلام دین فطرت اور ایک کامل ضابطہ حیات ہے ۔ اسلام اعتدال پسندی کاداعی ہے اسلئے مسلمانوں کی صفوں میں کوئی متعصب اورانتہاپسند نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ قرآن وسنت سے ہمیں درگزر اوربرداشت کادرس ملتا ہے،اسلام اورپاکستان کیخلاف شرانگیز پروپیگنڈے کے تانے بانے پڑوسی ملک سے جاملتے ہیں ۔ ہماری بقاءاوربہبودقومی یکجہتی سے وابستہ ہے۔ ا نہوں نے کہا کہ ہماری صفوں میں دراڑ جبکہ ریاستی اداروں کیلئے نفرت پیداکرنیوالے ہمارے دشمن ہیں ،انہیں مسترد کرناہوگا۔

اگرعوام فسادیوں کی افواہوں پرکان نہ دھریں تویہ فیکٹریاں خودبخودبندہوجائیں گی ۔

انہوں نے کہا کہ قائدؒ اوراقبال ؒ کے افکار کی پاسداری سے ہم امن اورتعمیرورترقی کی شاہراہ پرگامزن ہوسکتے ہیں۔

پاکستان کی تعمیر کیلئے قائدؒ اوراقبالؒ نے جوخواب دیکھے تھے ، ہمارے سپہ سالار جنرل عاصم منیر اورہماری نوجوان نسل کے سواکوئی انہیں شرمندہ تعبیر نہیں کرسکتا ۔

اسلام کے بارے میں منفی تاثر دور کرنا کسی فردواحد کا نہیں بلکہ ہمارامن حیث القوم اجتماعی فرض اورہم پرقرض ہے ۔انہوں نے کہا کہ اسلام دوسرے مذاہب کے احترام کاحامی ہے لہٰذاءدوسرے مذاہب کے پیروکاروں کا اسلام اورقرآن کامطالعہ کئے بغیر مسلمانوں کے بارے میں کوئی منفی رائے قائم کرنا درست نہیں۔