ایک شخص نے ایک سال میں 777 فلمیں دیکھ کر ریکارڈ قائم کردیا

امریکا میں فلمیں دیکھنے کے شوقین شخص نے ایک سال میں 777 فلمیں دیکھ کر ریکارڈ قائم کردیا۔

گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق زیک سووپ نے جولائی 2022 سے جولائی 2023 تک سنیما میں 777 فلمیں دیکھیں۔

اس سے قبل 2018 میں فرانس کے ونسنٹ کرون نے ایک سال میں 715 فلمیں دیکھنے کا ریکارڈ قائم کیا تھا۔

32 سالہ زیک نے کہا کہ وہ فلموں کے عشاق ہیں اور ہر سال سنیما جا کر 100 سے 150 فلمیں دیکھتے ہیں۔

ریکارڈ قائم کرنے کیلئے انہوں نے ریگل سنیما نامی سنیما گھر کی سبسکرپشن لی جو 22 ڈالر ماہانہ تھی۔

زیک نے ایک فل ٹائم ملازمت کے ساتھ ساتھ یہ چیلنج مکمل کیا ہے، وہ روزانہ صبح پونے 7 سے دوپہر پونے 2 بجے تک کام کرتا تھا اور اس کے بعد سنیما گھر جاتا تھا۔

زیک روزانہ تقریباً تین فلمیں دیکھتا تھا، عالمی ریکارڈ قائم کرنے کیلئے تمام فلموں کو شروع سے آخر تک دیکھنا لازمی تھا۔

یہ شرط بھی تھی کہ فلم دیکھنے کے دوران دوسری کوئی سرگرمی نہ کی جائے یعنی زیک سنیما کے اندر نا تو سو سکتا تھا نا ہی اپنا فون استعمال کرسکتا تھا۔