پاکستانی آئی ٹی انڈسٹری، بینکنگ سیکٹر میں بھارتی مصنوعات کے استعمال کا انکشاف

بھارتی مصنوعات کا پاکستانی آئی ٹی انڈسٹری، فن ٹیک اور بینکنگ سیکٹر میں استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ جن کے ذریعے آئی ٹی سیکٹر میں براہ راست بھارتی مداخلت کا خدشہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے۔

اس سلسلے میں وفاقی حکومت نے تمام وفاقی وزارتوں، ڈویژنز اور صوبوں کو مراسلہ بھیج دیا ہے۔

اس ایڈوائزری میں کہا گیا کہ پاکستانی آئی ٹی سیکٹرز کی کچھ کمپنیاں اور بینکس بھارتی کمپنیوں سے آئی ٹی مصنوعات خریدتے ہیں، مصنوعات میں میلاویئر وائرس کی موجودگی کا امکان ہے۔

اس میں کہا گیا کہ بھارتی کمپنیوں کی مصنوعات سے پاکستانی بینکنگ سیکٹر کی اہم معلومات کو خطرہ ہے، میلاویئر وائرس کی موجودگی سے ڈیٹا، پرسنل آئیڈینٹیفکیشن انفارمیشن کے غلط استعمال کا خدشہ ہے۔

بھارتی مصنوعات کے ذریعے آئی ٹی سیکٹر میں براہ راست بھارتی مداخلت کا اندیشہ ہے۔

مراسلے میں بھارتی منصوعات کا استعمال ترک کرنے کی سفارش کی گئی ہے جبکہ تمام صارفین کو بھارتی نژاد مصنوعی ذہانت پر مبنی مصنوعات کے استعمال سے گریز کرنے کا مشورہ بھی دیا گیا۔

ایڈوائزری میں متبادل مصنوعات کےلیے کمپنیوں کو پاکستان سافٹ ویئر ہاؤس سے مشورہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔