رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان کو 3.52 ارب ڈالر کے بیرونی فنڈز ملے۔
وزارتِ اقتصادی امور کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پہلی سہ ماہی میں ملنے والی فنڈنگ میں 3.49 ارب ڈالرز قرض اور 34 ملین گرانٹ ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیرونی فنڈنگ میں 2.65 ارب ڈالرز بجٹ سپورٹ اور 874 ملین ڈالرز پراجیکٹ امداد کے طور پر ملے ہیں۔
وزارت اقتصادی امور کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال اسی عرصے میں 2.234 ارب ڈالرز کے فنڈز ملے تھے، رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستان کی بیرونی فنڈنگ میں 58 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پہلی سہ ماہی میں آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے فوراً بعد 2.89 ارب ڈالرز کی فنڈنگ ہوئی، آئی ایم ایف سے 1.2 ارب ڈالرز اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے 1 ارب ڈالرز موصول ہوئے، اگست کے مہینے میں پاکستان کو 321 ملین ڈالرز کی بیرونی فنڈنگ ہوئی جبکہ گزشتہ سال ستمبر میں 316 ملین ڈالرز کی فنڈنگ ہوئی تھی۔
رپورٹ کے مطابق سعودی عرب سے 2 ارب ڈالرز موصول ہوئے، چین سے 508 ملین اور مخلتف اداروں سے 490.5 ملین ڈالرز موصول ہوئے، باہمی قرض کے طور پر 324.5 ملین ڈالرز موصول ہوئے۔
وزارتِ اقتصادی امور کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹ سے 204.5 ملین ڈالرز موصول ہوئے، رواں مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 17.62 ارب ڈالرز کی بیرونی فنڈنگ کا تخمینہ ہے۔