ترک ہسپتال کے قریب اسرائیلی فوج کی شدید بمباری، 23 فلسطینی شہید

غزہ میں ترک فرینڈ شپ ہسپتال کے قریب اور دیگر علاقوں میں اسرائیلی فوج کی بمباری سے مزید 23 فلسطینی شہید ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے رفح کے مغربی حصوں میں شدید حملہ کیا، زیتون محلے میں گھر پر بمباری سے 7 جبکہ الزوائدہ میں ایک گھر پر بمباری میں بچوں سمیت 13 افراد شہید ہو گئے جبکہ دونوں حلموں میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی قابض فورسز نے نابلس کے خصوصی اسپتال پر بھی دھاوا بولا ہے جبکہ طیاروں نے رفاہ کے مغربی حصوں میں شدید حملہ کیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق شمالی غزہ کی پٹی میں جبالیہ کیمپ پر اسرائیلی بمباری میں بھی 3 افراد شہید ہو گئے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے نابلس کے مغرب میں زاواٹا قصبے پر بھی دھاوا بولا اور صبح ہوتے ہی غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں پر حملے بھی شروع کر دیے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے رکنِ پارلیمنٹ ڈاکٹر ناصر عبدالجواد کو سلفیت کے مغرب میں دیر بلوت کے قصبے سے گرفتار کر لیا جبکہ ہیبرون کے جنوب میں السامو میونسپلٹی کونسل کے رکن خلدون المحریق کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ کے البریح کیمپ کے مشرق میں گھروں پر دوبارہ بمباری بھی کی ہے۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے جاری حملوں میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 8 ہزار 400 ہو گئی ہے جبکہ 23 ہزار سے زائد زخمی ہیں، شہداء میں 73 فیصد بچے، خواتین اور عمر رسیدہ افراد شامل ہیں۔