پانچویں بھارت امریکا 2 پلس 2 مذاکرات آج نئی دہلی میں ہوں گے

پانچویں بھارت امریکا 2 پلس 2 مذاکرات آج بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہوں گے۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن اور وزیرِ دفاع لائیڈ آسٹن مذاکرات کے لیے بھارت پہنچ گئے ہیں۔

بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ اور وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر امریکی وزراء سے مذاکرات کریں گے۔

بھارتی وزیرِ دفاع راج ناتھ سنگھ کے مطابق بھارت امریکا شراکت داری انڈو پیسیفک خطے میں قواعد کی پابند اور آزادی کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہے۔

میڈیا کی رپورٹس کے مطابق نئی دہلی میں ہونے والے بھارت امریکا 2 پلس 2 وزارتی مذاکرات امریکی صدر جو بائیڈن اور وزیر اعظم نریندر مودی کے مابین رواں سال جون میں وائٹ ہاؤس میں ہونے والی ملاقات میں طے کیے گئے ایجنڈے کی توثیق ہو گی۔