غزہ میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، اسرائیلی بربریت کی کوئی مثال نہیں ملتی:نگراں وزیرِ اعظم

نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کا کہنا ہے کہ غزہ میں انسانی المیہ جنم لے رہا ہے، اسرائیلی بربریت کی کوئی مثال نہیں ملتی۔

نگراں وزیرِاعظم نے ریاض میں میڈیا سے گفتگو کے دوران عالمی طاقتوں سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اہلِ غزہ کی امداد کے لیے فوری طور پر راہداری کا قیام عمل میں لایا جائے، فوری طور پر اسرائیلی جارحیت کو بند ہونا چاہیے۔

انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ فلسطینی زخمیوں کو علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جائے، متاثرہ افراد کو پینے کے پانی اور خوراک فراہمی ترجیح ہونی چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کو ئی بھی ملک بین الاقوامی قوانین سے بالاتر نہیں، ہر حکومت کو بین الاقوامی قوانین کے مطابق ذمے داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

اُن کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہماری پہلے ترجیح پر تشدد کارروائیوں کو فوری روکنا ہے، نہتے شہریوں کے خلاف فوجی طاقت کا استعمال کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔