سابق بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان کاسابق پاکستانی کرکٹرز پر طنز

پاکستان کا آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ میں سفر اختتام پذیر ہو چکا جس کے بعد سابق بھارتی کرکٹر عرفان پٹھان نے سابق پاکستانی کرکٹرز پر طنز کیا۔

عرفان پٹھان نے سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر گزشتہ شب ایک پوسٹ کی جو اب وائرل ہو رہی ہے اور جس پر پاکستانی شائقین کرکٹ کی جانب سے تنقید بھی کی جا رہی ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا ‘کئی پڑوسی سابق کرکٹرز کے ارمان آنسوؤں میں بہہ گئے’۔

ساتھ ہی عرفان پٹھان نے ‘ڈانس’ کا ہیش ٹیگ بھی استعمال کیا۔

سابق کرکٹر نے اپنی ٹوئٹ میں یہ واضح نہیں کیا کہ ان کا یہ پیغام کس پاکستانی کھلاڑی کے لیے تھا۔

واضح رہے کہ ایک پروگرام کے دوران محمد عامر نے کہا تھا کہ اگر پاکستانی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ کر بھارت کو شکست دے گی تو وہ عرفان پٹھان سے بھی اچھا ڈانس کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز انگلینڈ نے پاکستان کو 93 رن سے شکست دے کر پاکستان کے سیمی فائنل کھیلنے کے ارمانوں پر بھی پانی پھیر دیا۔

ورلڈکپ کے 44 ویں میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کو جیت کے لیے 338 رن کا ہدف دیا تھا، پاکستان کو سیمی فائنل میں پہنچنے کے لیے یہ ہدف 6.4 اوور میں پورا کرنا تھا تاہم پاکستان اس ناممکن کو ممکن نہیں کرسکا اور سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگیا اور پانچویں پوزیشن کے ساتھ ایونٹ کا اختتام کیا۔