فلپائن میں زلزلے کے جھٹکے ،شدت 6.9 ریکارڈ

فلپائن میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں جن کی شدت 6.9 ریکارڈ ہوئی۔

جرمن ریسرچ سینٹر فار جیو سائنسز (جی ایف زی) کی رپورٹ کے مطابق فلپائن کے جنوبی علاقے منڈاناؤ میں 6.9 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ یہ زلزلہ منڈاناؤ علاقے کے ساحل پر 10 کلومیٹر کی گہرائی میں آیا جس کے بعد پیسیفک سونامی وارننگ سینٹر نے آگاہ کیا ہے کہ زلزلے کے جھٹکوں سے سمندر میں سونامی کی توقع نہیں ہے۔

فی الحال کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔

صوبہ ساؤتھ کوٹاباٹو کے شہر جنرل سانتوس کے ریڈیو اناؤنسر لینی اریانیگو نے بتایا ہے کہ شدید زلزلے سے دیواروں کو نقصان پہنچا اور ڈیسکوں سے کچھ کمپیوٹر گر گئے۔

اس حوالے سے فلپائن کی زلزلہ پیما ایجنسی کا کہنا ہے کہ زلزلہ کئی سیکنڈ تک جاری رہا اور انہوں نے رہائشیوں کو آفٹر شاکس اور نقصانات کے لیے چوکنا رہنے کا مشورہ دیا ہے۔