انڈونیشین ہسپتال پر اسرائیلی فوج کی فائرنگ، 8 افراد شہید

شمالی غزہ میں اسرائیلی فوج نے انڈونیشین ہسپتال سے نکلنے کی کوشش کرنے والوں پر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں 8 افراد شہید ہو گئے۔

فائرنگ کے نتیجے میں 2 ڈاکٹر زخمی بھی ہوئے ہیں، زخمی ہونے والوں میں انڈونیشین ہسپتال کے آرتھو پیڈک چیف ڈاکٹر عدنان البرش بھی شامل ہیں۔

گورنمنٹ انفارمیشن آفس کے مطابق شہید ہونے والے سول ڈیفنس اہلکاروں اور ڈاکٹروں کی تعداد 201 ہو گئی ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق غزہ کی پٹی کے جنوب میں رفح کے مشرق میں 2 گھروں پر اسرائیلی فوج نے بمباری کر کے 11 افراد کو شہید کر دیا جبکہ متعدد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

دوسری جانب عروب کیمپ کے دروازے پر گرفتار ہونے والا زخمی نوجوان اسرائیلی حراست میں چل بسا۔