حماس کا اسرائیل پر امن معاہدے کی طے شدہ شرائط کی خلاف ورزی کا الزام

فلسطینی تنظیم حماس نے اسرائیل پر امن معاہدے کی طے شدہ شرائط کی خلاف ورزی کا الزام عائد کردیا۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ مشیر طاہر النونو نے کہا ہے کہ اسرائیل نے معاہدے کی بہت سی خلاف ورزیاں کی ہیں۔

طاہر النونو نے مزید کہا کہ اسرائیل نے امدادی ٹرکوں کے داخلے کی شرائط پر عمل نہیں کیا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ معاہدے کے باوجود اسرائیلی فوج نے غزہ میں ایک سے زائد مقامات پر فائرنگ کی، قابض اسرائیلی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد شہید ہوگئے۔

طاہر النونو کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے قیدیوں کی رہائی کےلیے طے شدہ معیار پر بھی عمل نہیں کیا، ہم اب بھی معاہدے کی شرائط پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

حماس کے سیاسی بیورو کے سربراہ نے کہا کہ اسرائیل اور اقوام متحدہ کو پیغام دے رہے ہیں، کوئی بھی عذر ناقابل قبول ہے، ہم ثالث کے کردار کے لیے تیار ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے معاہدوں تک پہنچنے کےلیے سنجیدگی سے راہیں تلاش کرنے کے لیے بھی تیار ہیں، غزہ پر دوبارہ قبضہ کرنے سے متعلق قابضین کی بات دھوکا ہے۔

طاہر النونو نے کہا کہ غزہ میں حماس موجود ہے اور اس کی جڑیں فلسطینی عوام میں ہیں، طبی اور غذائی امداد کے 50 ٹرک اور ایمبولینس گھنٹوں سے انتظار میں ہیں۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق اُن کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج غزہ شہر میں داخلے کی اجازت نہیں دے رہی۔