9 مئی کو ہوئی توڑ پھوڑ کیسز، غیر حاضر رہنے والے ملزمان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں 9 مئی کو ہوئی توڑ پھوڑ کے کیسز میں اگلی سماعت پر غیر حاضر رہنے والے ملزمان کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

عدالت میں راجہ خرم نواز اور عامر محمود کیانی کے خلاف احتجاج اور توڑ پھوڑ کیسز پر سماعت ہوئی۔

اے ٹی سی جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی عدالت میں وکلائے صفائی سردار مصروف، آمنہ علی پیش ہوئے۔

عدالت نے راجہ خرم نواز اور عامر محمود کیانی کی حاضری لگائی۔

عدالت میں وکیلِ صفائی سردار مصروف نے مؤقف اختیار کیا کہ جو ملزمان آتے ہیں، ان کی حد تک تو کیس کو آگے بڑھایا جائے۔

اس پر جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کہا کہ ملزمان کی حاضری مکمل ہونے تک کارروائی آگے نہیں بڑھ سکتی، آئندہ سماعت پر تمام ملزمان حاضری یقینی بنائیں۔

جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے حکم دیتے ہوئے مزید کہا کہ آئندہ سماعت پر غیر حاضر ملزمان کے خلاف کارروائی کریں گے۔

بعد ازاں اے ٹی سی نے سماعت 18 جنوری تک ملتوی کر دی۔