ہم کسی صورت الیکشن میں تاخیر نہیں چاہتے:بیرسٹر گوہر خان

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ ہم کسی صورت الیکشن میں تاخیر نہیں چاہتے، ہماری استدعا رہی ہے کہ شفاف الیکشن ہوں۔

راولپنڈی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ کل سپریم کورٹ میں ہمارا کوئی وکیل پیش نہیں ہوا، شفاف انتخابات کے لیے آر اوز کا ہونا شفاف الیکشن کی عکاسی نہیں کرتا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو کٹہرے میں کھڑا نہیں کیا جاسکتا، ہماری پٹیشن تھی کہ ریٹرننگ افسران کو عدلیہ سے لیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ بوگس کیسز کے ذریعے جسمانی ریمانڈ لینے کی کوشش کی جا رہی ہے، یہ سب کچھ سیاسی انتقام کے لیے کیا جا رہا ہے، جیل ٹرائل ہو ہی نہیں سکتا۔

بیرسٹر گوہر کا مزید کہنا تھا کہ ایسے ٹرائل بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔